Friday, March 20, 2009

راولاکوٹ کو بگ سٹی قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے' جاوید یوسف

راولاکوٹ(نمائندہ خصوصی) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر اول جاوید یوسف نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ راولاکوٹ کو بگ سٹی قرار دینے کے اعلان پر عملدرآمد کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر کے نوٹیفکیشن جاری کریں کیونکہ ملازمین میں سخت تشویش پائی جاتی ہے علاوہ ازیں ملازمین کے متعدد مسائل جن کے حل کے حکومت نے وعدہ کر رکھا ہے اس پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جائے اگر موجودہ حکومت نے اس بابت کوئی ٹھوس قدم نہ اٹھایا تو پھر ملازمین مجبوراً احتجاج پر اتر آئیں گے راولاکوٹ میں ضلع پونچھ کے مختلف سٹیشنوں سے آنے والے ملازمین کے وفود سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ ایپکا کی مرکزی تنظیم ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کر رہی ہے اور ملازمین کے جملہ مسائل کے حل کے لئے وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

راولاکوٹ' ڈرگ انسپکٹر کے چھاپے' غیر قانونی ادویات ضبط کر لی گئیں

راولاکوٹ( نمائندہ خصوصی) ڈرگ انسپکٹر پونچھ ڈاکٹر انوار حسین نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والے ڈسٹری بیوٹرز کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر ان سے ادویات ضبط کر لیں اور ان کے خلاف مقدمات رجسٹر کر لئے ہجیرہ کے مقام پر ماں جی ڈسٹری بیوشن ہمک اسلام آباد کی جانب سے ایک ہائی ایس کی چھت پر ادویات ارسال کی گئیں جو کہ ڈرگ ایکٹ 76سیکشن 23کی سرعام خلاف ورزی ہے۔ اس غیر قانونی ترسیل پر ڈرگ انسپکٹر نے تمام ادویات قبضہ میں لے لیں۔ ڈرگ ایکٹ کے مطابق جان بچانے والی ادویات کسی بھی عام گاڑی کی چھت پر نہیں بھیجی جاسکتیں کیونکہ ادویات کا معیار برقرار رکھنے کیلئے ایک خاص ٹمپریچر اور ماحول کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر انوار نے بتایا کہ ان ادویات جن کا تعلق براہ راست انسانی جانوں سے ہے اور ان کو خلاف ضابطہ مختلف مقامات پر بھیجا جاتا ہے اور گاڑیوں میں درجہ حرارت اور ماحول موافق نہ ہونے سے یہ ادویات اپنی افادیت کھو دیتی ہیں جس کی وجہ بجائے فائدہ کے نقصان ہوتا ہے۔ اور یہاں پر میڈیکل سٹورز پر انہیں فروخت کیا جاتا ہے دریں اثناء ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر انوار حسین نے ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والی سیکنہ دختر اللہ دتہ ایک خاتون کو رنگے ہاتھوں دھر لیا جو کہ ڈاکٹر کے روپ میں دیہی علاقہ جات میں خواتین کو بواسیر کا علاج کرتی تھی۔ ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن کلین اپ پر مختلف سماجی و سیاسی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ڈرگ مافیا کی وجہ سے ہر روز ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن جاتے ہیں ان افراد نے حکومت اور صحت عامہ کے ذمہ داران سے کہا ہے کہ وہ اس حوالہ سے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ ان عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔

Saturday, March 14, 2009

زرداری کے حق میں قرار دادیں پاس کرنے والے سیاسی شہید نہیں بننے دینگے ، سردار یعقوب

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت متحد ہے اور آئینی مدت پوری کرے گی وسیع البنیاد حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کو ایک بار پھر شاہراہ ترقی پر گامزن کرے گی عتیق خان کی طرح ہوائی اعلانات کے قائل نہیں عملی اقدامات کریں گے کرپشن کا حساب ہو گا اور لوٹی ہوئے رقم قومی خزانے میں جمع کرائیں گے وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے اندر مداخلت نہیں کی پی پی پی حکومت کے وفاق میں آنے سے قبل ہی آزاد کشمیر اسمبلی کے اراکین تبدیلی کے لئے متحرک تھے صدر پی پی پی آزاد کشمیر چوہدر ی
عبدالمجید نے کہا کہ صدرآصف علی زردار ی کے لئے قراردادیں پاس کرنے والا شخص سیاسی یتیم بن کر صدر زرداری پر تنقید کرکے سیاسی شہداء میں اپنا نام لکھوانا چاہتا ہے پاکستان کے حالات بہتر ہونگے پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتیں اپنی مدت پوری کریں گی وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز سہنسہ کے مقام پر منعقدہ بڑے عوامی استقبالیہ جلسہ عام میںخطاب کے دوران کیا وزیر اعظم نے کہا کہ عتیق احمد خان اور اس کی ٹیم نے قومی خزانے کو لوٹا اور شیخ چلی کی طرح ایسے اعلانات کئے کہ سارے جہاں میں جگ ہنسائی ہوئی آزاد کشمیر کے عوام مسائل کا شکار ہیں مگر عتیق خان سرینگر کو سوئی گیس ریلوے لائن اور نہ جانے کیا کچھ نہیں فراہم کرنے کے اعلانات کرتے رہے انہوںنے کہا کہ سردار سکندر حیات خان نے خطہ کے اندر تعمیر وترقی کا انقلاب برپا کیا مگر عتیق احمد خان نے اڑھائی سالہ عرصہ میں ترقی کے پہیے کو روک ڈالا اور ہوائی اعلانات پر منحصر کیا انہوںنے کہا کہ عتیق خان نے جماعتی تشخص کو مجروع کیا اور اسمبلی کے اندر صدر آصف علی زردار ی کے حق میں قرار دادیں پاس کروائیں پھر اچانک زرداری برے کیسے ہو گئے انہوںنے کہاکہ عتیق خان کی حکومت زرداری نے تبدیل نہیں کی بلکہ ممبران اسمبلی ، جھوٹ ، منافقت کی سیاست سے تنگ تھے اور انہوںنے تبدیلی عمل میں لائی وگرنہ آزاد کشمیر کے عوام ہمیں معاف نہ کرتے انہوںنے کہا کہ ہم عوام کے خادم ہیں اور خادموں کی طرح قوم کی خدمت کریں گے اتحادی حکومت ڈنکے کی چوٹ پر مدت پوری کر ے گی پی پی پی ، ایم کیو ایم ، بی ایم پی اور مسلم کانفرنس کا اتحاد آئینی مدت پوری کرے گا انہوںنے کہا کہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر محمود ریاض سہنسہ کیعوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں 40 ہزار کا اجتماع اس بات کا کا اظہار کررہا ہے کہ سہنسہ کے عوام کو کون مقبول لیڈر ہے صدر پی پی پی آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید ن کہا کہ پی پی پی آزاد کشمیر پوری قوت کے ساتھ وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان کے ساتھ کھڑی ہے انہوںنے کہا کہ ہم وفاقی حکومت صدر آصف علی زرداری کے خلاف کسی کے منہ سے کوئی بات نہیں سنیں گے عتیق احمد خان کل تک صدر زرداری کے گیت گاتا تھا آج پھر زردار ی کے خلاف غلط زبان استعمال کرتا ہے کل عتیق خان کسی اور کی تعریف کرے گا انہوںنے کہا کہ بھٹو شہید اور بے نظیر بھٹو شہید کے جیالے ہیں گردنیں کٹا سکتے ہیں جھکا ئیں گے نہیں انہونے کہا کہ ہماری حکومت وزیر اعظم یعقوب خان کی قیادت میں مدت پوری کرے گی اور عوام کے مسائل حل کرے گی ۔وزیر برقیات ڈاکٹر محمود ریاض نے کہا کہ آجسہنسہ کے عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ کس کے ساتھ ہیں 40 ہزار سے زائد افراد کا اجتماع مخلوط حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے انہوںنے کہا کہ سہنسہ کے عوام کے مسائل حل کریں گے جلسہ سے آزاد کشمیر کے وزراء وزیر قانون راجہ نثار احمد خان ، وزیر اطلاعات ، عبدالماجد خان ، وزیر امور منگلا چوہدری یوسف ، وزیر حکومت چوہدر رشید وزیر خوراک سید شوکت شاہ وزیر تعلیم چوہدری عزیز ، وزیر سیاحت طاہر کھوکھر سہنسہ نائب صدر پی پی پی چوہدری یاسین مرکز ی سیکرٹری اطلاعات پی پی پی مطلوب انقلابی مشیر وزیر اعظم پاکستان شازیہ اکبر پی پی پی رہنمائوں بشیر پہلوان چوہدر ی مظہر ، چوہدری منظور سابق مشیر وزیر اعظم پاکستان سردار فاروق سکندر ،سردار ماجد ، سردار ظفر اقبال ، نور حسین مظہر ایوب ، سردار ابراہیم ، چوہدر یجاوید ، چوہدری جہانزیب ، غلام ربانی راشد صدیق ، مظہر محبوب اور دیگر نے خطاب کیاسہنسہ سے نمائندہ کے مطابق آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار یعقوب جب پہلی دفعہ غازیوں شہداء اور مجاہدین کی دھرتی ہولاڑ پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا بونڈ بھٹہ چھنی سیداں بڈی اور سہنسہ چوک میں سینکڑوں کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر استقبال کیا چھنی کے مقام اور پوٹھہ کے مقامات پر تاریخی مثالی اور منفرد استقبال کیا گیا دریں اثناء آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان نے ورہڑ ہولاڑ کے مقام پر سردار بارو خان شہد کی یادیں منعقد والی بال میچ کی فائنل کی تقریب میں شرکت کی اس موقع پر وزیر اعظم نے مڈل سکول کو ہائی سکول کا درجہ دینے سکول گرائونڈ کے لئے 3 لاکھ اور فاتح ٹیم کے لئے 30 ہزار روپے کے اعلانات کئے آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ مشائخ عظام اور پیران طریقت کی دعائوں سے ملک کو نازک صورتحال سے نکال لیں گے قول وفعل میں تضاد ہی تمام خرابیوں کی جڑ ے جو اپنے لئے اچھا سمجھیں وہی دوسروں کے لئے بھی درست سمجھا جائے تو کوئی پریشانی نہیں ہو سکتی سردار یعقوب خان نے ان خیالات کا اظہار یہاں آستانہ عالیہ نقیب آباد کے سجادہ نشین کرنل عظمت علی شاہ کی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مظفر آباد سے ہمارے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیرسردار محمدیعقوب خان نے کہاہے کہ بزرگان دین نے اپنی زندگیاں راہ حق میں وقف رکھیں اللہ تعالیٰ نے ان کامقام بلند کیا ان کے مزارت قلبی وروحانی سکون کا باعث ہیں ان خیالات کااظہار وزیراعظم آزادکشمیرنے 24لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی جامع مسجد جمعہ شاہ امبور کے افتتاح کے موقع پرکیا سیکرٹری اوقاف سیدنظیرالحسن گیلانی سیکرٹری ہائوسنگ وفزیکل پلاننگ سردارمحمدالطاف خان چیف انجینئر تعمیرات چوہدری مبشرالحق ناظم اعلیٰ اوقاف اقبال محی الدین ناظمین اوقاف راجہ محمدخالد نیاز اور سردارمحمدالیاس خان بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعظم نے اس موقع پردربار عالیہ حضرت جمعہ شاہ پرچادر پوشی کی اورکشمیر کی آزادی پاکستان کی سلامتی واستحکام اورملت اسلامیہ کی بھلائی کے لئے دعا کی وزیراعظم سردارمحمد یعقوب خان نے محکمہ اوقاف اورمحکمہ تعمیرات عامہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے اس توقع کااظہارکیا کہ سرکاری ادارے سے عوامی فلاح وبہبود کاکام جذبہ خدمت سے سرانجام دیتے رہیں گے ۔آزاد کشمیر حکومت نے ریاست بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے 7 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جو سال 2008-09 کے سالانہ ترقیاتی میزانیہ کا 75 فیصد سے زائد ہیں متعلقہ محکموں کو جاری کر دیے ہیں۔ ان منصوبوں کا تعلق رسل و رسائل، مواصلات، عمارات، پینے کے صاف پانی، تعلیم، توانائی، نکاسی آب، صحت، دیہی ترقی، ماحولیات، ابلاغیات، جنگلات، ماہی پروری، معدنیات وغیرہ سے ہے۔ یہ بات آزاد کشمیر حکومت کے وزیر اعظم سردار محمد یعقوب کو یہاں جمعہ کے روز محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کی طرف سے دی گئی ایک بریفنگ میں بتائی گئی۔ اس موقع پر وزراء حکومت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات کپٹن (ر) محمد یوسف، سیکرٹری صاحبان، سربراہان محکمہ جات اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بتایا گیا کہ محکمہ شاہرات، مواصلات کو 2 ارب 2 کروڑ، محکمہ دیہی ترقی کو 1 ارب 12 کروڑ، محکمہ توانائی/برقیات کو 72کروڑ، فارن فنڈڈ پراجیکٹس کے لئے 1 ارب 19 کروڑ، محکمہ تعلیم کیلئے 50 کروڑ، فزیکل پلاننگ کے لیے 44 کروڑ، صحت عامہ کے لیے 31 کروڑ، جنگلات کے لیے 28 کروڑ، انفارمیشن کیلئے 11 کروڑ، زراعت کیلئے 10 کروڑ، سیاحت کیلئے 7 کروڑ 10 لاکھ، شہری دفاع کیلئے 3 کروڑ 20 لاکھ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے لئے 3 کروڑ 40 لاکھ، سماجی بہبود کیلئے 2 کروڑ 40 لاکھ، ماحولیات کیلئے 1 کروڑ 80 لاکھ، ابلاغیات کیلئے 80 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اس وقت تک 42 فیصد فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں۔ ریاست کے شمال میں ترقیاتی کاموں کی رفتار موسمی حالات کے باعث گزشتہ تین ماہ کے دوران سست رہی۔ تاہم مارچ کے مہینہ سے ان میں تیزی آئے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہاکہ ریاست بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج تھا۔ ایک ایسے وقت جب ساری دنیا اور پاکستان میں مالیاتی بحران کے باعث کئی منصوبوں پر کام روک دیا گیا تھا۔ ہماری درخواست اور ریاست کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی، وزیر امور کشمیر نے ہمارے تمام ترقیاتی فنڈز کو نہ صرف بحال کیا بلکہ ان کی بروقت فراہمی کو بھی یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران ترقی کی رفتار میں جو کمی آئی ہے آنے والے دنوں میں اسے پورا کیا جائے۔ ہم محکموں کی تمام ضروریات کو پورا کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ ریاست بھر میں بلا تفریق ترقیاتی کام ہوں۔ ہم سب لوگوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ ہمارا مقصد عوام کی خدمت اور ترقی ہے۔ جو فنڈز مل رہے ہیں اس پر ہم حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ محکموں کو چاہیے کہ ان فنڈز کا بہترین استعمال عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی ادارے باہمی رابطوں کو فروغ دیں۔ فائل ورک میں بہتری لائی جائے۔ کسی منصوبے کو سرخ فیتے یا سست روی کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آفیسران اور اہلکاران محنتی، تجربہ کار اور تعلیم یافتہ ہیں۔ ہم سب کو ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں سے فرسودہ نظام کو تبدیل کریں اور اس ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کیلئے کام کریں۔ آئندہ اگر کسی محکمہ کے ترقیاتی فنڈز ضائع ہوئے تو اس کا وزیر ذمہ دار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ سے متعلق جملہ تجاویز 15 اپریل تک عمل میں لائی جائیں۔ 15 جون تک تمام ترقیاتی اہداف حاصل کر لیے جائیں۔ جن محکموں کو مذید فنڈز کی ضرورت ہے وہ تحریک کریں۔ چھوٹے اضلاع اور نظر انداز کیے گئے محکموں کو ہم فوقیت دے رہے ہیں۔ ان کی استعداد کار میں اضافہ سے مجموعی ترقی کی رفتار تیز ہو گی۔

Friday, March 13, 2009

آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن کے چیئر مین سمیت 7ممبران برطرف

آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین سمیت 7ممبران کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق اتحادی حکومت نے اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین بریگیڈئیر (ر) سعید اور سات ممبران کو ان کے عہدوں سے فارغ کر دیا ہے واضع رہے کہ پبلک سروس کمیشن پر عوامی سطح اور قانون ساز اسمبلی میں بھی شدید تنقید ہوئی تھی اور پبلک سروس کمیشن کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کا الزام تھا کہ یہ سردار عتیق احمد خان نے گھر کی لونڈی بنائی ہے اور سردار عتیق کی حکومت کے خاتمہ کے بعد موجودہ حکومت نے چیئرمین اور سات اراکین کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ 

Sunday, March 8, 2009

Friday, March 6, 2009

Tuesday, March 3, 2009

حلقہ 4کے عوام نے دو حکومتوں اور پیسے کی سیاست کو شکست دیدی ، سردار عتیق



سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے غازی آباد اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کا ضمنی انتخاب جیتنا اس بات کی دلیل ہے کہ لوگوں نے مظفرآباد کی حکومت، ہارس ٹریڈنگ، دھاندلی وپیسے کی بہتات کو مسترد کرتے ہوئے باپ دادا کی روایات کو برقرار رکھا ہے، عام کارکن کا ٹوٹنا مشکل ہے بڑے لوگوں کو توڑا جا سکتا ہے یہ بھی اس الیکشن میں ثابت ہو گیا۔ میں نے حکومت چھوڑتے وقت بھی کہا تھا کہ میں کامیاب پسپائی اختیار کر رہا ہوں میں نے ضمنی الیکشن ایک نہیں چار جیتے میں پہلے بھی کہتا تھا اب بھی کہتا ہوں کہ اسمبلی ٹوٹنے سے بچائیں گے، سردار سکندر حیات یا کسی اور کو جماعتی صدارت کیسے دیتا یہ تو 97 ہزار کارکنوں کی رائے تھی نامزدگیاں نہیں جماعت کے اندر ایک سسٹم ہوتا ہے۔ ہمارے پاس گاڑیوں کے پیسے بھی نہیں تھے اللہ نے نظریے کو فتح دی جو ایک سوچ تھی۔ کارکنوں اور سرکاری ملازمین کو بھی ووٹ دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بحالی بھی زرداری کو نہیں بچا سکتی حالات بدل چکے وہ کسی ملک میں جا کر استعفیٰ دیں اور فیصلہ دینے والے جج سوموٹو ایکشن لے کر اس پر نظرثانی کریں۔ بھٹو خاندان کی لاشوں پر سیاست کرنے والے ملک نہیں بچا سکتے یہ سولہ کروڑ عوام کی رائے ہے حکومت کو مظفرآباد سمیت سڑکوں کا کام جاری رکھنا ہوگا اتنے کچے کام ہم نے نہیں چھوڑے ویسے ہی اگر کسی کو عتیق فوبیا ہو گیا ہے تو اس کا علاج نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے سوالوں کے جواب میں کہا کہ طعنہ دینے والے یہ نہیں جانتے کہ میاں نواز شریف جب جدہ میں تھے تو میں اور مجاہد اول کئی گھنٹے ملاقاتیں کرتے تھے اور کھانا بھی اکٹھے کھاتے تھے، ہمارا ملک کسی کی بداعمالیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب مسلم کانفرنس کمزور ہے یا مضبوط آنکھیں کھول کر دیکھ لیں دیکھنے والے۔ دریں اثناء سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ حلقہ چار پونچھ کے ضمنی الیکشن میں مسلم کانفرنس، مجاہد اول، حلقہ 4 پونچھ کے غیور عوام اور کشمیر کے تشخص کے بچائو کی کامیابی ہوئی ہے آصف علی زرداری کو شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 6 جنوری کو اسمبلی فلور پر کہا تھا کہ آصف علی زرداری کا اگلا ٹارگٹ پنجاب ہے جو سچ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری قوم سے معافی مانگیں پنجاب حکومت اور شریف برادران کو بحال کریں اور دبئی جا کر وہاں سے استعفیٰ دیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری عنقریب ملک چھوڑ کر فرار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ چار کے عوام نے دو حکومتوں اور پیسے کی سیاست کو شکست دی اور ثابت کیا کہ وہ کسی کی اجارہ داری کو برداشت نہیں کرتے۔ وہ مسلم کانفرنس ارجہ اور حلقہ چار کے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے جنہوں نے ضمنی الیکشن میں مسلم کانفرنس کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔ سردار عتیق جب ارجہ پہنچے تو سینکڑوں کارکنوں نے سردار عتیق کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر آرگنائزر مسلم کانفرنس ضلع باغ راجہ الیاس خان وسابق چیئرمین زکوٰة دھیرکوٹ راجہ نثار احمد خان نے بھی خطاب کیا۔قائد حزب اختلاف اور مسلم کانفرنس (ع) کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ 2 مارچ کا عوامی فیصلہ اصل میں 6 جنوری کو مظفرآباد میں آصف زرداری کے حکم پر پیپلز پارٹی اور اس کی بی ٹیم نے جو کھیل کھیلا تھا اس کے ردعمل کے طور پر ہوا ہے۔ حلقہ نمبر چار کے عوام نے سیاب خالد کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر کے تاریخ کا رخ موڑتے ہوئے جس سیاسی شعور کا عملی ثبوت دیا ہے اس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے، اب پاکستان اور زرداری ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو احاطہ عدالت راولاکوٹ میں اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو سردار عتیق احمد خان کی راولاکوٹ آمد کی اطلاع پا کر ان کے استقبال کیلئے جمع ہوا تھا۔ سردار عتیق احمد خان زکوٰة کونسل پونچھ کے سابق چیئرمین سید نذیر احمد شاہ کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے چھوٹا گلہ جاتے ہوئے تھوڑی دیر کیلئے راولاکوٹ رکے۔ ان کے ہمراہ حلقہ نمبر چار کے نومنتخب ممبر اسمبلی سردار سیاب خالد، سابق وزیر سردار عبدالقیوم نیازی، سابق معاون خصوصی ڈاکٹر سردار محمد حلیم خان اور دیگر زعماء بھی تھے۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس کے کارکنوں، مسلم یوتھ اور ایم ایس ایف کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جو مسلسل نعرہ بازی کر رہی تھی۔ حلقہ نمبر چار کے انتخابات جیتنے کی خوشی میں مسلم یوتھ اور ایم ایس ایف کے نوجوانوں نے ایک ریلی نکالی جس نے سارے شہر کا چکر لگایا، آتش بازی کی گئی، سردار عتیق نے کہا کہ مسلم کانفرنس وکلاء کے لانگ مارچ اور 6 مارچ کو مسلم لیگ کی احتجاجی کال میں بھرپور شرکت کرے گی۔