Tuesday, March 3, 2009

حلقہ 4کے عوام نے دو حکومتوں اور پیسے کی سیاست کو شکست دیدی ، سردار عتیق



سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے غازی آباد اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کا ضمنی انتخاب جیتنا اس بات کی دلیل ہے کہ لوگوں نے مظفرآباد کی حکومت، ہارس ٹریڈنگ، دھاندلی وپیسے کی بہتات کو مسترد کرتے ہوئے باپ دادا کی روایات کو برقرار رکھا ہے، عام کارکن کا ٹوٹنا مشکل ہے بڑے لوگوں کو توڑا جا سکتا ہے یہ بھی اس الیکشن میں ثابت ہو گیا۔ میں نے حکومت چھوڑتے وقت بھی کہا تھا کہ میں کامیاب پسپائی اختیار کر رہا ہوں میں نے ضمنی الیکشن ایک نہیں چار جیتے میں پہلے بھی کہتا تھا اب بھی کہتا ہوں کہ اسمبلی ٹوٹنے سے بچائیں گے، سردار سکندر حیات یا کسی اور کو جماعتی صدارت کیسے دیتا یہ تو 97 ہزار کارکنوں کی رائے تھی نامزدگیاں نہیں جماعت کے اندر ایک سسٹم ہوتا ہے۔ ہمارے پاس گاڑیوں کے پیسے بھی نہیں تھے اللہ نے نظریے کو فتح دی جو ایک سوچ تھی۔ کارکنوں اور سرکاری ملازمین کو بھی ووٹ دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بحالی بھی زرداری کو نہیں بچا سکتی حالات بدل چکے وہ کسی ملک میں جا کر استعفیٰ دیں اور فیصلہ دینے والے جج سوموٹو ایکشن لے کر اس پر نظرثانی کریں۔ بھٹو خاندان کی لاشوں پر سیاست کرنے والے ملک نہیں بچا سکتے یہ سولہ کروڑ عوام کی رائے ہے حکومت کو مظفرآباد سمیت سڑکوں کا کام جاری رکھنا ہوگا اتنے کچے کام ہم نے نہیں چھوڑے ویسے ہی اگر کسی کو عتیق فوبیا ہو گیا ہے تو اس کا علاج نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے سوالوں کے جواب میں کہا کہ طعنہ دینے والے یہ نہیں جانتے کہ میاں نواز شریف جب جدہ میں تھے تو میں اور مجاہد اول کئی گھنٹے ملاقاتیں کرتے تھے اور کھانا بھی اکٹھے کھاتے تھے، ہمارا ملک کسی کی بداعمالیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب مسلم کانفرنس کمزور ہے یا مضبوط آنکھیں کھول کر دیکھ لیں دیکھنے والے۔ دریں اثناء سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ حلقہ چار پونچھ کے ضمنی الیکشن میں مسلم کانفرنس، مجاہد اول، حلقہ 4 پونچھ کے غیور عوام اور کشمیر کے تشخص کے بچائو کی کامیابی ہوئی ہے آصف علی زرداری کو شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 6 جنوری کو اسمبلی فلور پر کہا تھا کہ آصف علی زرداری کا اگلا ٹارگٹ پنجاب ہے جو سچ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری قوم سے معافی مانگیں پنجاب حکومت اور شریف برادران کو بحال کریں اور دبئی جا کر وہاں سے استعفیٰ دیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری عنقریب ملک چھوڑ کر فرار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ چار کے عوام نے دو حکومتوں اور پیسے کی سیاست کو شکست دی اور ثابت کیا کہ وہ کسی کی اجارہ داری کو برداشت نہیں کرتے۔ وہ مسلم کانفرنس ارجہ اور حلقہ چار کے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے جنہوں نے ضمنی الیکشن میں مسلم کانفرنس کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔ سردار عتیق جب ارجہ پہنچے تو سینکڑوں کارکنوں نے سردار عتیق کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر آرگنائزر مسلم کانفرنس ضلع باغ راجہ الیاس خان وسابق چیئرمین زکوٰة دھیرکوٹ راجہ نثار احمد خان نے بھی خطاب کیا۔قائد حزب اختلاف اور مسلم کانفرنس (ع) کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ 2 مارچ کا عوامی فیصلہ اصل میں 6 جنوری کو مظفرآباد میں آصف زرداری کے حکم پر پیپلز پارٹی اور اس کی بی ٹیم نے جو کھیل کھیلا تھا اس کے ردعمل کے طور پر ہوا ہے۔ حلقہ نمبر چار کے عوام نے سیاب خالد کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر کے تاریخ کا رخ موڑتے ہوئے جس سیاسی شعور کا عملی ثبوت دیا ہے اس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے، اب پاکستان اور زرداری ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو احاطہ عدالت راولاکوٹ میں اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو سردار عتیق احمد خان کی راولاکوٹ آمد کی اطلاع پا کر ان کے استقبال کیلئے جمع ہوا تھا۔ سردار عتیق احمد خان زکوٰة کونسل پونچھ کے سابق چیئرمین سید نذیر احمد شاہ کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے چھوٹا گلہ جاتے ہوئے تھوڑی دیر کیلئے راولاکوٹ رکے۔ ان کے ہمراہ حلقہ نمبر چار کے نومنتخب ممبر اسمبلی سردار سیاب خالد، سابق وزیر سردار عبدالقیوم نیازی، سابق معاون خصوصی ڈاکٹر سردار محمد حلیم خان اور دیگر زعماء بھی تھے۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس کے کارکنوں، مسلم یوتھ اور ایم ایس ایف کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جو مسلسل نعرہ بازی کر رہی تھی۔ حلقہ نمبر چار کے انتخابات جیتنے کی خوشی میں مسلم یوتھ اور ایم ایس ایف کے نوجوانوں نے ایک ریلی نکالی جس نے سارے شہر کا چکر لگایا، آتش بازی کی گئی، سردار عتیق نے کہا کہ مسلم کانفرنس وکلاء کے لانگ مارچ اور 6 مارچ کو مسلم لیگ کی احتجاجی کال میں بھرپور شرکت کرے گی۔